پی سی بی کا یوٹرن، نیشنل ٹی20 کپ میں ٹکٹوں کی قیمت 50روپے مقرر

Published On 05 October,2021 05:47 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے یوٹرن لیتے ہوئے نیشنل ٹی20 کپ کے لیے تمام انکلوژر کی ٹکٹ کی قیمت 50 روپے مقرر کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شائقین کرکٹ کیلئے ٹکٹوں کے ریٹ مقرر کردیئے گئے ہیں ۔

تمام انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت پچاس روپے رکھی گئی ہے جبکہ فضل محمود اور عمران خان انکلوژرز صرف فیملیز کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کے لیے ویکسینیشن کا عمل مکمل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ شائقینِ کرکٹ کے لیے اپنا شناختی کارڈ اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہمراہ لانا ضروری ہوگا۔

علاوہ ازیں تماشائیوں کے لیے اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بھی لازمی ہوگا۔
قبل ازیں ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پہلے فری انٹری کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شائقین کو ٹکٹوں کی واپسی کےلئے بینکوں کی لسٹیں جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق بینک شائقین کرکٹ کے اکاؤنٹس میں ٹکٹوں کے پیسے واپس کر دیں گے۔

واضح رہے کہ قومی ٹی 20 کپ کا دوسرا مرحلہ کل سے لاہور میں شروع ہو گا ، ٹائٹل مقابلہ 13 اکتوبر کو شیڈول جبکہ ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ پندرہ تاریخ کو دبئی روانہ ہو گا ۔

زندہ دلان کے شہرلاہور میں قومی ایونٹ کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہو گا ،تمام چھ ٹیمیں قذافی سٹیڈیم میں اِن ایکشن ہوں گی۔