نیشنل ٹی 20 کپ کا پہلا مرحلہ مکمل، سرفراز احمد کی ٹیم ٹاپ پوزیشن پر موجود

Published On 04 October,2021 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ٹی 20 کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا، سرفراز احمد کی ٹیم سندھ ٹاپ پر جبکہ رضوان الیون خیبر پختونخواہ دوسرے نمبر ہے، بابر اعظم اور شاہین آفریدی انفرادی پرفارمنس میں سرفہرست ہیں۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والا نیشنل ٹی 20 کرکٹ میلہ، تمام چھ ٹیموں نے پہلے مرحلے کے چھ چھ میچ کھیل لیے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سندھ ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ خیبر پختونخوا کا دوسرا نمبر ہے، کپتان بابر اعظم کی ٹیم سنٹرل پنجاب کے بھی آٹھ ہی پوائنٹس ہیں لیکن اوسط کے اعتبار سے تیسری پوزیشن ملی۔

انفرادی پرفارمنس میں واحد سنچری میکر بابر اعظم 286 رنز کے ساتھ نمبر ون، بولنگ میں شاہین آفریدی بارہ شکار کر کے ٹاپ پر ہیں۔ وکٹ کیپنگ کارکردگی میں سرفراز سرفہرست، وکٹوں کے پیچھے انہوں نے پانچ کیچ پکڑے جبکہ تین اسٹمپ بھی کیے۔

نئے چیئرمین رمیز راجہ کی ہدایات کے خلاف سست پچز بنیں، صرف تین میچز میں ٹوٹل 200 کو چھو سکا۔ ایونٹ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریاں قرار دیا گیا جہاں قومی اسکواڈ میں شامل نائب کپتان شاداب خان سمیت صہیب مقصود، آصف علی، اعظم خان، محمد نواز اور محمد حسنین کا متاثر کن کارکردگی نہ دکھانا بڑا سوالیہ نشان ہے۔

قومی ٹی 20 کپ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا، فائنل 13 تاریخ کو شیڈول ہے۔
 

Advertisement