لاہور:(ویب ڈیسک)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران سدرن پنجاب نے رنز کا کوہ ہمالیہ سر کرلیا۔
قذافی سٹیڈیم میں جاری قومی ٹی 20کپ کے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کی جانب سے دیا گیا 212رنز کا ہدف 6وکٹوں کے نقصان پر 19اعشاریہ 5اوورز میں217رنز بناکر حاصل کرلیا،آغا سلمان ناقابل شکست 68رنز بنا کر سب سے بہترین بیٹسمین رہے جبکہ دیگر میں کپتان عامر یامین نے 41اور خوشدل شاہ نے 24سکور بنائے،سلمان ارشاد اور محمد نواز نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ناردرن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے رنز کا کوہ ہمالیہ کھڑا کردیا اور 5وکٹوں کے نقصان پر 211رنز بنائے،حیدر علی نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عماد وسیم 40 اورمحمد نواز 38 رنز بناکر نمایاں رہے، ضیاء الحق نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
5چھکوں اور 4چوکوں کی بدولت 40گیندوں پر 68رنز بنانے پر آغا سلمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قبل ازیں آج کے دن کھیلے گئے پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے سندھ کو 8وکٹوں کی شکست سے دوچار کیا ۔