لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے نوجوان کھلاڑیوں کو تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے یقین دلایا ہےکہ یہ انتظامیہ ان کا مکمل خیال رکھے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نیشنل ٹی 20کپ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے یقین دلایا ہےکہ یہ انتظامیہ ان کا مکمل خیال رکھے گی۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو دوبارہ عظیم بنانے کا راستہ ڈومیسٹک کرکٹ اور کرکٹرزسے ہوکر ہی گزرتا ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے کا سفر یہیں سے شروع ہوگا،لہٰذا ان کا یکجان ہونا ضروری ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر میرٹ کی بالا دستی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑٰیوں کو مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے خواب پورے کرنے کے لئے ہر قسم کی سہولیات اور مواقع فراہم کریں گے۔