لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ پاک بھارت بڑے ٹاکرے کے بارے بات کرتے ہوئے سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ بھارت کو شکست دینے کے لئے پاکستانی بلے بازوں کو شروع سے ہی حریف باؤلرز کو دباؤ میں رکھنا ہوگا جبکہ اس میچ میں ٹیم کمبی نیشن اہم ہوگا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان انضمام الحق نے پاک بھارت میچ کو فائنل سے قبل ہی فائنل مقابلہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ فائنل سے قبل فائنل ہوگا اورجو بھی ٹیم جیتے گی اس کے حوصلے بلند ہوں گے۔
انضمام الحق نے کہا کہ کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان اپنے سٹرائیک ریٹ کو بہتر بنائیں جبکہ سکورنگ ریٹ کوبھی بہتر بنا نے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اور محمد رضوان نےپچھلے دو سالوں میں بہت اچھا کھیلا ہےلیکن میں اب بھی محسوس کرتا ہوں کہ انہیں اپنے سٹرائیک ریٹ میں اضافہ کرنا چاہیے جبکہ پاکستان بابر اوررضوان پربہت زیادہ انحصار کر رہا ہے، اگر وہ اچھے سٹرائیک ریٹ پر سکور نہیں کر تے تو ٹیم خود کو مشکل صورتحال میں پائے گی۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں یہ یقینی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ کوئی خاص ٹیم جیتے گی اور میری رائے میں بھارت کے پاس پاس یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے زیادہ امکانات ہیں کیونکہ ان کے پاس تجربہ کار ٹی 20کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 میں ٹائٹل اپنے نام کی تھا جبکہ 2007کے فائنل میں جگہ بنائی،علاوہ ازیں 2010اور 2012 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کی۔
دریں اثنابھارت نے 2007 میں پہلا ورلڈ ٹی 20 جیتا لیکن پچھلے پانچ مقابلوں میں سے تین میں سیمی فائنل تک پہنچنے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج میچ 24اکتوبر کو کھیلا جائے گا ۔