ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا آنا خوش آئند ہے:رمیز راجہ

Published On 21 October,2021 06:11 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا آنا خوش آئند ہے، خواتین جتنا کرکٹ کھیلیں گی تجربہ اتنا ہی بڑھے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیئرمین رمیز راجہ نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کیربیئن خواتین کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ، نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے دونوں ٹیمیں کوالیفائی کریں، پاکستان میں خواتین کرکٹرز کے پول کو بڑھانا ہے جبکہ خواتین جتنا کرکٹ کھیلیں گی تجربہ اتنا ہی بڑھے گا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ خواتین کرکٹرز کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہیں، یہ سیریز اہمیت کی حامل ہے، ویسٹ انڈیز خواتین کے بعد مردوں کی ٹیم نے آنا ہے ،آسٹریلیا نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور یہ پاکستان میں ‌ کرکٹ فینز کے لئے اچھی خبریں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیزویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی تھی جس کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 22 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے بھی پر امید ہے۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمنز ٹیمیں سیریز کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کے لئے زمبابوے جائیں گی۔
 

Advertisement