لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے جس میں سکاٹ لینڈ نے میزبان عمان کی ٹیم کو8وکٹ سے شکست دیکر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی ہے۔
عمان کے دارالحکومت مسقط کے ایمراٹ کرکٹ سٹیڈیم میں میزبان ٹیم اور سکاٹ لینڈ کے مابین میچ میں کھیلا گیا جس میں عمان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے122رنز بنائے ،اوپنر عاقب الیاس نے سب سے زیادہ 37رنز بنائے جبکہ کپتان ذیشان مقصود 34اورمحمدندیم 25رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے تین،سفیان شریف اورمائیکل لیسک نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے 123رنز کا ہدف صرف 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے چوتھی فتح اپنے نام کرلی،کپتان کائل کوئٹزر41سکور بناکر ٹاپ سکورر رہے جبکہ رچی بیرنگٹن نے 31اورمیتھیو کراس نے 26رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں آج کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاپوا نیوگنی کو 84رنز سے شکست دیکر اگلے مرحلے یعنی سپر 12میں کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ اسی گروپ بی میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم بھی اگلے مرحلے میں جانے میں کامیاب ہوگئی،گروپ اے سے سری لنکا سپر 12میں پہنچ چکا ہے۔