لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے آصف علی نے اپنی کامیابی کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔
رپورٹ کے مطابق آصف علی نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ان کو بیٹنگ کے دوران بال سر پر لگا جس پر انہیں خاصی چوٹ آئی اس کے باوجود انہوں نے مرد میداں بنے رہنا مناسب سمجھا ور ہمت نہیں ہاری۔ لیفٹ ہینڈ بیٹر کا کہنا تھا کہ جب وہ بیٹنگ کیلئے جا رہے تھے تو یہی سوچ رہے تھے کہ نیوزی لینڈ کو ہر صورت ہرانا ہے، بھارت کی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔
گراونڈ میں جہاں کھلاڑی کا اپنا جوش اور جذبہ جیت یا ہار کا فیصلہ کرتا ہے وہیں سینئر کی رہنمائی بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ اس کا اندازہ آصف علی کی اس بات سے ہوتا ہے کہ انہیں شعیب ملک نے ہدایت دی کہ صرف سامنے کھیلنا، اس کے علاوہ کہیں اور شاٹ مارنے کی کوشش نہ کرنا۔ آصف علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بات پر من و عن عمل کیا اور میچ جیتنے کیلئے اپنی سارا زور صرف کر دیا۔