لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے والے آصف علی کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
انٹرویو میں آصف علی کا کہنا تھا کہ میرا کراچی ٹورنامنٹ میں فیصل آباد کی ٹیم سے پہلی بار نام آیا، اس میچ میں محمد حفیظ نے 100 رنز بنائے تھے، ہم نے سیالکوٹ کو فائنل ہرایا تھا، میں اس ٹیم میں شامل تھا لیکن کوئی میچ نہیں کھیلا تھا۔
آصف علی نے بتایا کہ مجھے فائنل جیتنے پر 55 ہزار کا چیک ملا تھا اور اس وقت میری تنخواہ 5 ہزار روپے تھے، اس پر سوچا کہ اتنی بڑی رقم کہاں رکھوں، پھر چیک جیب میں رکھ کر سو گیا تاکہ کہیں کھو نہ جائے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ان پیسوں سے 50 ہزار روپے کی ایک پرانی موٹرسائیکل ون ٹو فائیو خریدی جو چلتے چلتے کہیں بھی بند ہوجاتی تھی، میچ کھلینے گیا اور کچھ دن بعد گھر آیا تو موٹرسائیکل نہیں تھی، بڑے بھائی نے بتایا وہ انہوں نے 5 ہزار روپے کی کباڑ میں بیچ دی۔