افغانستان کیخلاف جیت کا کریڈٹ آصف علی کو جاتا ہے: قومی کپتان بابر اعظم

Published On 30 October,2021 08:44 am

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف جیت کا کریڈٹ آصف علی کو جاتا ہے، آصف علی نے 2 میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ایک ہی اوور میں میچ ختم کر دیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ بحیثیت کپتان بہت اعتماد ملتا ہے کہ آپ کی ٹیم کا کھلاڑی میچ جتواتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح ہماری بولنگ ہے افغانستان نے ہمارے خلاف 10 سے 15 رنز زیادہ اسکور کیے لیکن کوئی بات نہیں یہ میچ کا حصہ ہے، کوشش کریں گے کہ آئندہ میچز میں یہ غلطیاں نہ ہوں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میرا رول یہی تھا کہ میچ کو آخر تک لیکر جاؤں لیکن کریڈٹ افغانستان کو بھی دوں گا ان کی بولنگ کافی اچھی ہے، ان کے پاس بہترین بولرز ہیں۔

بابر اعظم نے شائقین سے درخواست کی کہ اچھے اور برے وقت میں آپ کی سپورٹ چاہیے جو کہ آپ کرتے بھی ہیں لیکن جب کسی کھلاڑی کا برا وقت ہوتا ہے تو اگر اس وقت آپ اس کو سپورٹ کریں تو کھلاڑی بھی اچھا پرفارم کر کے دکھا ئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کے ری لیکس نہ ہوں اور آئندہ میچز میں بھی اسی طرح کی کارکردگی دکھائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی۔ افغانستان کے 148 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے کہ آصف علی نے 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر ایک اوور پہلے ہی میچ ختم کر دیا۔