ٹی 20ورلڈ کپ:بھارت نے افغانستان کو ہرا کر پہلی فتح سمیٹ لی

Published On 03 November,2021 06:30 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے افغانستان کو66رنز سے ہرا کر ایونٹ کی پہلی فتح سمیٹ لی ہے۔

میگا ایونٹ کے 33ویں میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیتا اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

بھارت اننگز

افغانستان کے خلاف اہم میچ میں بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ محمد نبی نے پہلی گیند پھینکی تھی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے 2وکٹ کے نقصان پر مقررہ 20اوورز میں ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ سکور 210رنز بنادیا،انڈین اوپنرز کی جانب سے جارحانہ انداز اپنایا گیا ،روہت شرما 75اور کے ایل راہول 69رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے جبکہ ہاردیک پانڈیا اور رشبھ پنت نے ناقابل شکست 35اور27رنز بنائے،گلبدین نائب اور کریم جنت نے 1،1وکٹ حاصل کی۔

افغانستان اننگز

211رنز ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے اوپنرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے،محمد شہزاد محمد شہزاد صفر اور حضرت اللہ زازئی 13سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے،کریم جنت نے سب سے زیادہ 42رنز بنائے جبکہ  کپتان محمد نبی 35سکور بناکر نمایاں بیٹر رہے،بھارت کی جانب سے محمد شامی نے3 اور ایشون نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 میچ فکسڈ؟

قبل ازیں سوشل میڈیا صارفین نے بھارت اور افغانستان کے ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ کو  فکسڈ  قرار دیا۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارتی اوپنرز نے جب باؤلرز کی پٹائی شروع کی تو ٹوئٹر پر ٹرینڈ چل گیا کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ فکسڈ ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان مسلسل 4 میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ابھی تک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
 

Advertisement