لاہور:(دنیا نیوز) ہائیکورٹ میں پی ٹی وی سپورٹس پر شعیب اختر سے تضحیک آمیز رویے کیخلاف اور اعلیٰ سطحی انکوائری کےلیے درخواست دائر کردی گئی ہے۔
شہری آفتاب احمد خان نے آئینی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی ہے ،درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، پی ٹی وی، ڈاکٹر نعمان نیاز سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ پاک بھارت فتح کے بعد پی ٹی وی پر افسوسناک واقعہ پیش آیا،قومی سٹار شعیب اختر کے ساتھ میزبان کا رویہ انتہائی تضحیک آمیز تھا، پروگرام پوری دنیا میں دیکھا گیا جو پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنا جبکہ پیمرا نے بھی اس واقعے کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔
شہری آفتاب خان کی جانب سے اپنی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شعیب اختر کے دنیا بھر میں اربوں کی تعداد میں مداح ہیں جو مایوسی کا شکار ہیں،پاکستان آرمی اور پی سی پی نے پاکستان میں کرکٹ واپس لانے کےلیے انتھک محنت کی، میزبان کیخلاف ابتک کیا کاورائی کی گئی نہیں بتایا گیا جبکہ استدعا کی گئی کہ پی ٹی وی کی ابتدائی انکوائری کیا ہوئی، رپورٹ دینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ پیمرا اور وزارت اطلاعات میں زیرالتوا درخواست پر کارروائی کا حکم دیا جائے جبکہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بنا کر تحقیقات کروائی جائیں۔