لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں گروپ 2 میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 72رنز سے مات دیدی اور اب سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ11نومبر کو ہوگا۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 41واں میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 7, 2021
سکاٹ لینڈ اننگز
پاکستان کے 190رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے اور کائل کوئٹزرکی جانب سے اننگز کا آغاز کیا گیا جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے پہلا اوور کروایا۔
سکاٹ لینڈکی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 117رنز بناسکی،جارج منسے 17،کوئٹزر9 اور میتھیو کراس 5رنز بناکر پویلین لوٹے،حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نےایک، ایک اورشاداب خان نے 2 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے مائیکل لیسک14 ،ڈائیلن بج صفر اور کرس گریوز 4رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رچی بیرنگٹن سب سے زیادہ54رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان اننگز
سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔
محمد رضوان15سکور بناکر حمزہ طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر فخر زمان تھے جو کہ 8سکور بناکر گریوز کی گیند پر پویلین لوٹے،محمد حفیظ نے 18گیندوں پر جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے31رنز بنائے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے،کپتان بابر اعظم 66سکور بناکر گریوز کی گیند پر پویلین لوٹے۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 189رنزبنائے،کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری سکور کی اور 66رنز بنائے،شعیب ملک نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے صرف 18گیندوں پرچھ چھکوں اور1چوکے کی مدد سے54رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، آصف علی 5رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان سکواڈ
پاکستان پلئینگ الیون میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان، محمد حفیظ ، شعیب ملک ، آصف علی ، عماد وسیم،شاداب خان ، حسن علی ، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل تھے۔
Pakistan win toss, elect to bat first.#PAKvSCO | #T20WorldCup | #WeHaveWeWill pic.twitter.com/17hGoov0Mz
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 7, 2021
مین آف دی میچ
ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنانے والے شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ابھی مکمل فٹ ہوں اور کھیلتا رہوں گا جبکہ ایسی وکٹوں پر رک کر کھیلنا ہوتا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 7, 2021
بابر اعظم
میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم یونٹ کی طرح کرکٹ کھیل رہے ہیں،محمد حفیظ اور شعیب ملک نے اچھی اننگز کھیلی،جیت کے تسلسل کو آئندہ بھی برقرار رکھیں گے اور سیمی فائنل میں بھی اپنا 100فیصد دیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ 2 میں اپنے مسلسل 5 میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے،جبکہ نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دیکر بھارت کا بوریا بستر گول کرتے ہوئے ایونٹ کے فائنل فور میں جگہ بنالی ہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔