خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں:افغان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا

Published On 25 November,2021 04:52 pm

کابل:(ویب ڈیسک)طالبان حکومت کے افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں اور وہ آزادی کے ساتھ اپنے کھیل کو جاری رکھ سکتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میر واعظ اشرف نے کہا کہ ہماری خواتین ٹیم معمول کے مطابق کرکٹ کھیلے گی ،ہم کرکٹرز کی تمام بنیادی ضروریات پوری کریں گے اور انہیں سہولیات فراہم کریں گے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین نے سٹاف میٹنگ میں کہا کہ خواتین کی کرکٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بڑی ضروریات میں سے ایک ہے اور ہم اس پر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ آئی سی سی کی جانب سے افغانستان کرکٹ کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ایک ورک گروپ مقرر کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کے بعد طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمداللہ واثق نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی بھی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو۔

یاد رہے کہ جب سے طالبان نے افغانستان میں کنٹرول سنبھالا ہے، خواتین کرکٹرز کی شرکت کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔افغانستان کی خواتین کو کرکٹ کھیلنے سے روکنے پر شدید ردعمل سامنے آیا اور کرکٹ آسٹریلیا نے بھی افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ ملتوی کر دیا۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے پاس کل وقتی رکن کا درجہ حاصل کرنے کے لیے اس کی خواتین اور انڈر 19 ٹیمیں ہونی چاہئیں۔
 

Advertisement