اسلام آباد:(دنیا نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی والدہ کو اسلام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی والدہ کی نمازہ جنازہ اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں اداکی گئی جس کے بعد وہیں ان کو سپرد خاک کردیا گیا۔
معروف سابق کرکٹر کی والدہ کی نماز جنازہ میں وزیر مملکت علی محمد خان، سینیٹر طلحہ محمود ،سابق کرکٹر راشد لطیف سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شعیب اختر سے افسوس کا اظہار کیا ۔
خیال رہے کہ سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، کرکٹرز سمیت دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے اعلی درجات کیلئے دعائے مغفرت کی۔
میری والدہ محترمہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئ ہیں - انا للہ وانا الیہ راجعون۔
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) December 25, 2021
نماز جنازہ H-8 میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
My mother, my everything, with the will of Allah taala, has left for heavenly abode.
Namaz e janaza will be in H-8 after Asar Prayers.
شعیب اختر کی والدہ کو بیماری کے سبب ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ سابق کرکٹر نے والدہ کی وفات کی اطلاع ٹویٹر پیغام کے ذریعے دی، ان کا کہنا تھا کہ میری والدہ محترمہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئ ہیں، ان کی نماز جنازہ H-8 میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم، حسن علی، نسیم شاہ اور آصف علی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شعیب اختر کی والدہ کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔