کراچی: (روزنامہ دنیا) سابق ٹیسٹ کپتان و وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے، پی ایس ایل میرے لیے ایک امید ہے، کوشش ہوگی اچھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بناؤں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک تقریب میں انہوں نے کہا کہ میں مسلسل محنت کر رہا ہوں اور مستقبل کے حوالے سے اچھی توقعات ہیں، شاہد آفریدی کی ٹیم میں آمد خوش آئند ہے، وہ مشکل وقت میں ٹیم کیلئے پرفارمنس دیتے رہے ہیں۔ حفیظ نے جس انداز میں کرکٹ کھیلی وہ شاندار تھی۔
سرفراز نے کہا کہ فواد عالم کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے سابق کرکٹر توصیف احمد کو کوئی جواب نہیں دوں گا، توصیف احمد بھی تو سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے۔ سرفراز نے مزید کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں کئی باتیں راز ہوتی ہیں جو باہر نہیں آنی چاہئیں، اگر میں نے بولنا شروع کیا تو کئی لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گی۔