عثمان شنواری اور شاداب کے کزنز ہونے کی قیاس آرائیاں

Published On 08 January,2022 09:31 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری اور آل راؤنڈر شاداب خان کے آپس میں کزنز ہونے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ دونوں کرکٹرز کے حوالے سے قیاس آرائیوں نے اُس وقت جنم لیا جب عثمان شنواری کے ٹویٹ پر شاداب خان نے انہیں کزن کہہ کر مخاطب کیا۔

ہوا کچھ یوں کہ 5 جنوری کو اپنی 28 ویں سالگرہ منانے والے عثمان شنواری نے ایک کیک کی تصویر شیئر کی اور کیک بھیجنے والوں کو شکریہ ادا کیا۔ اس کیک کی تصویر پر جہاں کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالا۔

شاداب نے عثمان شنواری کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کزن کہہ دیا جس سے ان کے چاہنے والوں کو حیرت ہوئی کہ کیا واقعی یہ دونوں کزن ہیں۔ کرکٹرز کے چاہنے والے بڑی تعداد میں سوال کررہے ہیں لیکن اس متعلق دونوں نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ عثمان شنواری نے ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 33 فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے 17 ون ڈے انٹر نیشنل اور 16 ٹی 20 انٹر نیشنل میچز بھی کھیل رکھے ہیں۔
 

Advertisement