4 ملکی ٹورنامنٹ کی سوچ اچھی ،عملدرآمد نہیں ہو سکتا: راشد لطیف

Published On 14 January,2022 09:58 pm

جہلم:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ 4 ملکی ٹورنامنٹ کی سوچ اچھی ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہو سکتا۔

سابق کپتان راشد لطیف نے جہلم میں ضمیر جعفری سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کا جوش پورے ملک میں ہے ، نوجوان نسل کو سپورٹس کی طرف لے کر آنا ہے چاہے کرکٹ ہو فٹ بال ہو یا ہاکی۔

عمران خان کے متعلق سوال پر راشد لطیف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیاست پر بات نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ چار ملکی ٹورنامنٹ کی سوچ اچھی ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہو سکتا، اس کی وجہ انڈیا ہم سے نہیں کھیلے گا، اگر چار ملکی ٹورنامنٹ میں بھارت نہیں کھیلتا تو نیوزی لینڈ کو لیا جائے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ موجودہ ٹیم اچھی ہے ، بابر اعظم کی قیادت میں بہت کامیابیاں ملی ہیں، کرکٹ میں یہ سال بہت اچھا گزرا ہے اس کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں کلب کرکٹ نہیں ہے ، جہلم ہو یا کراچی ٹیلنٹ کے لئے کلب کرکٹ کا ریواول ضروری ہے، کلب کرکٹ کے لئے خود آگے آنا ہو گا ، رکاوٹ کا جواب پی سی بی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر جگہ پلیئر موجود ہیں لیکن اپنی مدد آپ کے تحت آگے آنا ہو گا، ثقلین مشتاق اور حفیظ اپنی مرضی سے گئے ہیں کسی نے مجبور نہیں کیا۔