لیگ سپنر دانش کنیریا کے ستاروں کی گردش بدستور برقرار

Published On 13 January,2022 08:42 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) سابق ٹیسٹ لیگ سپنر دانش کنیریا کے ستاروں کی گردش بدستور برقرار ہے کیونکہ سندھ ہائیکورٹ نے ان کی مقامی سطح کے میچز کھیلنے اور کوچنگ کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دانش کنیریا کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران دانش کنیریا کے وکیل اسد افتخار کا موقف تھا کہ دانش کنیریا کو پی سی بی بحالی پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے کیونکہ انہوں نے سپاٹ فکسنگ نہیں کی بلکہ صرف کھلاڑیوں کی میٹنگ کرائی تھی جسے وہ قبول کر چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میچ فکسنگ کرنے والوں کو کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے مگر ان کے موکل کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے جنہیں مقامی سطح کے میچوں کے علاوہ کوچنگ کی اجازت دی جائے۔ پی سی بی کے وکیل نے اپنے دلائل میں واضح کیا کہ دانش کنیریا پر تاحیات پابندی ای سی بی کی جانب سے عائد کی گئی ہے اور چونکہ ان پر سپاٹ فکسنگ کا الزام ہے لہٰذا برطانوی عدالت نے بھی لیگ سپنر کی اپیل مسترد کی تھی۔
 

Advertisement