پی ایس ایل7: لاہور کو22 رنز سے شکست، کراچی کی اپنے 9 ویں میچ میں پہلی فتح

Published On 18 February,2022 06:54 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کراچی کنگز نے اپنے 9 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو22 رنز سے شکست دیکر پہلی فتح سمیٹ لی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، ایونٹ کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے قائد شاہین شاہ آفریدی کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔

لاہور قلندرز اننگز

150 رنز کا ہدف لاہور قلندرز  کی ٹیم حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 127 سکور بناسکی۔

 عبداللہ شفیق 8، فخر زمان 1، کامران غلام 13، محمد حفیظ 33، فل سالٹ 8، ہیری بروک 26، ڈیوڈ ویزے 31، راشد خان اور کپتان شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ حارث رؤف اور زمان خان 1،1 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ نے سب سے زیادہ 4 شکار کئے، کرس جورڈن نے 2 اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگزاننگز

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے لئے کراچی کنگز کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور جوئے کلارک نے اننگز کا آغاز کیا۔

 کراچی کنگز کی ٹیم ایک مرتبہ پھربدقسمت رہی، کوئی بھی بیٹرز قابل ذکر کارکردگی دکھا نہ سکا۔ جوئے کلارک 4، بابر اعظم 39، شرجیل خان 2، قاسم اکرم 26، روحیل نذیر 18، محمد نبی 8، عماد وسیم 8، کرس جورڈن صفر، گریگوری 28 اور عثمان شنواری 5 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کی پوری ٹیم 149 رنز بنا سکی۔ لاہور قلندرز کی طرف سے راشد خان اور زمان خان نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ 

لاہور قلندرز سکواڈ

کراچی کنگز کے خلاف میچ کے لئے لاہور قلندرز کے سکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، فل سالٹ، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔

کراچی کنگز سکواڈ

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کیلئے کراچی کنگز کے سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، جوئے کلارک، لیوئس گریگوری، محمد نبی، روحیل نذیر، قاسم اکرم، عماد وسیم، کرس جورڈن، عثمان خان شنوار اور میر حمزہ شامل تھے۔