لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپر لیگ کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی اننگز میں 2 سنچری پارٹنرشپس بنیں۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم پر ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ کھیلا گیا، جس میں محمد رضوان الیون نے تاریخ رقم کر دی۔اس میچ میں پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک ٹی ٹونٹی میچ میں 2 سنچری پارٹنر شپس بنی ہیں، ان دونوں ہی شراکتوں کا محمد رضوان حصہ رہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے پہلی سنچری شراکت محمد رضوان اور شان مسعود کے درمیان بنی، جو 119 رنز کی تھی۔ شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان اور رلی روسو نے سکور 222 رنز تک پہنچا دیا، یوں ایک ہی اننگز میں دو سنچری شراکت کا کارنامہ اپنے انجام کو پہنچا۔
ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں 2 سنچری کی شراکت کا یہ مجموعی طور پر 12 واں موقع تھا، اس سے قبل مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں 11 بار ایسا ہوچکا ہے۔