لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی سب سے خاص بات ملتان سلطانز کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کا وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کا انداز ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ملتان سلطانز کے باؤلر شاہنواز دھانی نے 2 وکٹ حاصل کیں، اس میچ کی خاص بات جہاں محمد رضوان اور رائیلی روسو کی شاندار اننگز تھیں وہیں ایونٹ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ بھی قابل ذکر رہا۔
دوران میچ شاہنواز دھانی کی ایک ویڈیو نے دھوم مچادی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے وکٹ لینے کے بعد اپنے روایتی انداز میں جشن منایا، تاہم کرکٹ لیجنڈ سابق ویسٹ انڈین سٹار اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویو رچرڈز کا تالیاں بجا کر دھانی کی حوصلہ افزائی اور علیم ڈار کا باؤلر کو بازو پھیلا کر روکنے کی کوشش کرنا، نسیم شاہ کا پویلین واپس لوٹتے ہوئے دوستانہ طرز میں دھانی کو بیٹ سے مارنے کا انداز سب کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔
شاہنواز دھانی کے اس انداز نے سب کے دل جیت لئے ہیں اور ان کی ویڈیو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی جاری کی گئی ہے جس کو شائقین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
Dahani Entertainment
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 18, 2022
#HBLPSL7 I #LevelHai I #MSvQG pic.twitter.com/2RXMvJS1jo
خیال رہے کہ اس میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں 8 ویں فتح اپنے نام کی۔