کیا وسیم اکرم نے بابر اعظم کو ڈانٹا؟

Published On 17 February,2022 05:31 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں بھی شکستوں کے بھنور سے نہ نکلنے والی کراچی کنگز کی ٹیم کے کوچ وسیم اکرم نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں بابر اعظم کو ڈانٹنے کی افواہوں پر وضاحت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل شکستوں پر کنگز کے دیوانے بھی شکستہ دل ہو گئے، گذشتہ روز ملتان سلطانز کے ہاتھوں لگاتار آٹھویں ہار پر تو گویا دل ہی ہار گئے، سنسنی خیز مرحلے تک پہنچنے والے میچ کے آخری اوور میں کوچ وسیم اکرم کے کپتان بابر اعظم سے مکالمے کو اتنا منفی رنگ دیا کہ لیجنڈری وسیم اکرم کو وضاحت دینا پڑی ۔

وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ وہ تو کپتان سے پوچھ رہے تھے کہ باؤلر یارکر اور سلو ون ورائٹی کیوں نہیں کر رہے، ساتھ ہی بابر اعظم کی تعریف بھی کردی۔