لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت اسلام آباد یونایئٹڈ کو پچھاڑ دیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 27 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ حریف ٹیم کی قیادت ایک مرتبہ پھر آصف علی نے کی، جو شاداب خان کی انجری کے باعث ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
لاہور: قلندرز بیٹنگ:
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور فل سالٹ نے کیا اور حریف ٹیم کی جانب سے مبصر خان نے پہلا اوور پھینکا۔ لاہور قلندرز کا آغاز اچھا نہ تھا پہلے تین بیٹسمین 12 سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ فل سالٹ2، کامران غلام 0، محمد حفیظ چار سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم اس دوران فخر زمان نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بروک کے ساتھ مل کر جارحانہ باری کھیلی اور حریف ٹیم کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ دونوں کے درمیان 63 گیندوں پر 101 رنز کی پارٹنر شپ بنی ، فخر زمان 41 گیندوں پر 51 رنز بنا کر رخصت ہوئے۔ سہیل اختر کی باری 15 سکور تک محدود رہی۔
اس دوران ہیری بروک نے 48 گیندوں پر جارحانہ سنچری بنائی۔ سنچری میں انہوں نے 10 چوکے اور پانچ چھکے لگائے اور 102 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 197 رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ بیٹنگ:
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے رحمن اللہ گرباز اور مبصر خان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں نے شروع میں جارحانہ انداز اپنایا افغان بیٹسمین سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کے چکر میں 11 گیندوں پر 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔ شاہین شاہ نے وکٹ حاصل کی۔
دیگر بیٹرز بھی زیادہ دیر تک کریز پر رُک نہ سکے، مبصر خان 6، وسیم جونیئر 12، لیام ڈاؤسن 31، اعظم خان 10، ، آصف علی 12، وقاص مقصود1، فہیم اشرف 2 ، ڈی لنگے 2رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں پر 131 رنز بنا سکی۔ راشد خان، زمان خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو شکار کیے۔
لاہور قلندرز سکواڈ:
فخر زمان، سہیل اختر، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان
اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:
رحمن اللہ گرباز، مبصر خان، دانش عزیز، لیام ڈاؤسن، آصف علی، اعظم خان، فہیم اشرف، مارچنٹ ڈی لنگے، محمد وسیم، وقاص مقصود، ظاہر خان
ٹاس کے دوران قومی ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر حسن علی انجرڈ ہوئے جس کے بعد قانون کے تحت حسن علی کی جگہ ڈی لنگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔