فخر زمان کیساتھ دلچسپ سیلفی، قومی کرکٹر نے تصویر شیئر کردی

Published On 03 March,2022 09:48 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ساتواں ایڈیشن کئی یادگار لمحات کی وجہ سے ابھی تک سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے اور اسی تناظر میں فخر زمان کے ساتھ 2 لڑکوں کی سیلفی نے سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے جس کی تصویر قومی کرکٹر نے بھی شیئر کی ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن گزشتہ ماہ کی 274 تاریخ کو اختتام کو پہنچ گیا تھا، ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

اس فائنل نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑ لیا اور دیار غیر سے بھی پاکستان کرکٹ کی تعریفوں کے پل باندھے جانے لگے۔

گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ تصویر وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی ہنسنے پر مجبور ہوجاتا ہے اور اسی تصویر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کو بھی ہنسا دیا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ دو لڑکوں نے پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر قذافی سٹیڈیم میں ایک سیلفی بنائی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عقب میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا میچ جاری ہے، ان دونوں لڑکوں نے اپنی سیلفی کے کیپشن میں لکھا کہ   فخر زمان کے ساتھ سیلفی  اور ساتھ ہی وہاں سے کافی فاصلے پر عقب میں کھڑے فیلڈر پر سرکل بھی کیا۔

یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لاہور قلندرز کے بلے باز فخر زمان کی بھی نظر پڑی اور انہوں نے بھی اس سیلفی کو شیئر کرتے ہوئے ان دونوں لڑکوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ   آپ لوگوں سے مل کر اچھا لگا ، ساتھ ہی قومی کرکٹر نے ہنسنے والا ایموجی بھی شیئر کیا۔
 

Advertisement