لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے وزیراعظم کی کارکردگی سے متعلق کہا ہے کہ ایسی بات نہیں حکومت نے کچھ نہیں کیا، عمران خان نے جو وعدے کئے ان کے لئے دس سال چاہیے تھے، میرے خیال میں وہ سیاست کا پریشر بھی برداشت کرلیں گے۔
ان خیالات کا اظہار شاہد خان آفریدی نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ کشمیر پریمئیر لیگ میں دو فرنچائزز مزید آئیں گی۔ لوگ کشمیر پریمئیر لیگ کو مثبت لے رہے ہیں، کیوںکہ کے پی ایل سے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو پی ایس ایل کا حصّہ بنا اور وہ پورے پاکستان کا حصہ بھی بنیں گے۔ کشمیر پریمئیر لیگ سے پوری دنیا میں کشمیر کا پرامن میسج گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل عمران خان نے جو وعدے کئے ان کے لئے دس سال چاہیے تھے، میرے خیال میں انہوں نے وعدے کچھ زیادہ کردئیے تھے۔ عمران خان نے کرکٹ میں پریشر برداشت کیا میرے خیال میں سیاست کا پریشر بھی برداشت کرلیں گے۔
سابق قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ریموٹ ایریاز میں بنیادی سہولیات مہیا نہیں ہیں، حکومت کے کام حکومت کو کرنے چاہییں، جہاں گیا ہوں وہاں فوج کام کرتی دکھائی دے رہی ہے، ہر کام فوج کیوں کرے حکومت بھی کچھ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ عمران خان نے کچھ نہیں کیا بلکہ ان کی ٹیم وزیراعظم کی کارکردگی دکھا اور بتا نہیں پارہی ہے۔ اگر یہ کہوں کہ میں سیاست میں نہیں آونگا اور پھر آگیا تو لوگ مجھے بھی یہی کہیں گے کہ یوٹرن لیتا ہے اسی لیے نہیں کہتا کہ مستقبل میں عملی سیاست میں نہیں آؤں گا۔ لیکن مجھے خدمت کی سیاست اچھی لگتی ہے اور میں وہ کرتا رہتا ہوں۔