کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بابر الیون اپنی پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی اور شاہینوں پر شکست کے بادل منڈلانے لگے، کینگروز نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 1 وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالئے ہیں اور اسے میزبان ٹیم پر 489 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی۔
آسٹریلیا دوسری اننگز
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے اپنی دوسری اننگز شروع کی اور تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے تھے۔
ڈیوڈ وارنر صرف 7 سکور بناکر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ 35 اور مارنس لبوشین 37 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان پہلی اننگز
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ 13 رنز بنا کر سوئپسن کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ امام الحق بھی بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اظہر علی کو مچل اسٹارک نے 14 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جبکہ اگلی ہی گیند پر فواد عالم بھی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 6 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے، مہمان ٹیم کی جانب سے مچل سٹارک نے 3 اور مچل سوئپسن نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آسٹریلیا پہلی اننگز
تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 505 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن شاہین آفریدی نے مچل اسٹارک کو گزشتہ روز کے اسکور میں بغیر کسی اضافے کے 28 رنز پر ہی اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی، آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 160 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ایلکس کیرے نے 93 اور اسٹیو اسمتھ نے 72 رنز کی اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی، نعمان علی، حسن علی اور بابر اعظم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔