کراچی:(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کا چوتھا روز ختم ہوگیا اور پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی مزاحمتی اننگز جاری ہے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر گرین کیپس نے 506 رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 192 رنز بنالئے ہیں، کینگروز کو جیت کیلئے 8 وکٹ اور بابر الیون کو 314 رنز درکار ہیں جبکہ میچ میں صرف 1 روز باقی ہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، امام الحق 1 اور اظہر علی 6 سکور بناکر پویلین لوٹے۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، 97 رنز پر مارنس لبوشین کو شاہین شاہ آفریدی نے آوٹ کیا تو مہمان ٹیم نے دوسری اننگز بھی ڈکلیئر کر دی، کینگروز بلے باز عثمان خواجہ اور مارنس لبوشین 44، 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف مل گیا۔
گذشتہ روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم کے بلے باز عثمان خواجہ 35 اور مارنس لبوشین 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف ایک سو اڑتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔