ملکی فرض سب سے پہلے، شاہین آفریدی نے کاؤنٹی کرکٹ چھوڑ دی

Published On 12 May,2022 04:50 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لئے کاؤنٹی کرکٹ کو چھوڑتے ہوئے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے جس کی تصدیق مڈل سیکس نے کردی ہے۔

انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کی جانب سے خبر شیئر کی گئی کہ شاہین شاہ آفریدی قومی ٹیم کو جوائن کرنے کی غرض سے اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

مڈل سیکس کاؤنٹی نے شاہین شاہ آفریدی کی قومی ڈیوٹی کے لیے وطن واپسی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ شاہین جون میں دوبارہ میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر لندن سے ایک دو روز میں واپس وطن پہنچ رہے ہیں جس کے بعد وہ چند دن اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے لگائے جا رہے تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز 8، 10 اور 12 جون کو راولپنڈی میں ہوگی۔
 

Advertisement