ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز شش و پنج کا شکار

Published On 12 May,2022 07:22 pm

لاہور:(دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز شش و پنج کا شکار ہوگئی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تاحال وینیو فائنل نہ کرسکا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی بڑے ویسٹ انڈیز دورہ پاکستان کے حوالے سے سخت پریشان ہے، راولپنڈی میں ون ڈے سیریز کا انعقاد مشکلات کا شکار ہے، وفاقی حکومت اور سکیورٹی آفیشلز کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو کلیئرنس نہیں مل سکی۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز سیریز کے انعقاد کے لئے پرعزم ہیں، راولپنڈی سے ریڈ سگنل ملنے کے بعد سیریز کو ملتان میں کروائے جانے کا امکان ہے۔

رمیز راجہ نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ افیئرز ذاکر خان اور سکیورٹی ہیڈ کرنل (ر) آصف کو ملتان بھیج دیا اور ہدایت کی کہ یہ سیریز ضرور کروانی ہے، ملتان میں ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی کے انتظامات چیک کرکے آئیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کیوریٹرز اور گراؤنڈ مینز کو ملتان جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور کراچی میں پچز تیار نہیں، پچز تیار چاہئیں، سیریز ہر حال میں کروانی ہے۔

ذرائع پی سی بی کے مطابق رمیز راجہ نے براڈ کاسٹرز کو بھی ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں سیٹ اپ لگانے کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز راولپنڈی میں شیڈولڈ ہے۔
 

Advertisement