ٹیسٹ رینکنگ: بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی، چوتھے نمبر پر آگئے

Published On 08 June,2022 06:18 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی پاکر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، انگلینڈ کے جوروٹ نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی سنچری سکور کرنے کے بعد دو درجے ترقی پاکر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن دو درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

باؤلرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے، بھارت کے روی چندرن ایشون دوسرے، نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن تیسرے، بھارت کے جسپریت بمراہ ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجے تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹی 20 اور ون ڈے رینکنگ میں حکمرانی برقرار ہے۔
 

Advertisement