قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا

Published On 15 June,2022 07:08 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں مسلسل 9 بار ففٹی پلس رنز بنا کر سابق لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

خیال رہے کہ بابر اعظم کی پرفارمنس کا سلسلہ مارچ 2020 ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے شروع ہوا جس میں انہوں نے کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں194 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 66 اور 55 رنز بنائے۔

بعدازاں قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 54 ، 114 اور 105 رنز بنائے جبکہ ٹی 20 میچ میں 66 رنز کی اننگز کھیلی اور یہ سلسلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز تک جاری رہا جس میں پہلے ون ڈے میچ میں بابراعظم نے شاندار سنچری سکور کرکے مسلسل تین سنچریوں کا ریکارڈ دوسری بار اپنے نام کیا جبکہ دوسرے ون ڈے میں 77 رنز بنا سکے۔

اس سیریز میں بابر اعظم سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کا مسلسل چار سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرتے کرتے رہ گئے، دو مختلف مواقعوں پر مسلسل 3 سنچریوں کا ریکارڈ بھی بابراعظم کے پاس ہے۔ کپتان نے ابھی تک صرف 88 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 17 سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔

قومی ٹیم کے بلے باز انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے 11ویں بیٹر بھی ہیں، اس سے قبل بابراعظم بحیثیت کپتان ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
 

Advertisement