ایشیا کرکٹ کپ کی یو اے ای منتقلی کا باضابطہ اعلان

Published On 28 July,2022 09:49 am

دبئی: (دنیا نیوز) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) نے ایشیا کپ 2022 کی منتقلی کا باضابطہ اعلان کر دیا، متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کا میزبان سری لنکا ہی ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق اے سی سی کے ایشیا کپ 2022 کی منتقلی کے باضابطہ اعلان کے بعد ایشیا کپ سری لنکا کے بجائے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا نے ملک میں جاری معاشی و سیاسی بحران کے پیش نظر ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کرنے سے معذرت کی تھی جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ رواں سال شیڈول ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا تاہم میزبانی سری لنکا کے ہاتھ میں ہوگی۔

اے سی سی نے کہا ہے کہ سری لنکا میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر سری لنکا کرکٹ شامی سلوا کا کہنا ہے کہ ہم اے سی سی کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے چیئر مین خالد الزرونی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے یو اے ای کے وینیو کے پر خوش ہیں ،ہمارے پاس اچھا انفرا اسٹرکچر ہے اور ہم ٹیموں کو خوش آمدید کہنے کے لیے منتظر ہیں۔

ایشیا کرکٹ کپ رواں برس 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا اور یہ ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ پر منعقد ہوگا۔
 

Advertisement