لاہور:(ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 کے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا نے بنگلا دیش کے ارمانوں پر پانی پھیرتے ہوئے 2 وکٹ سے فتح سمیٹ کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز بنائے گئے، عفیف حسین نے سب سے زیادہ 39 رنز کی اننگز کھیلی، مہدی حسن میراز 38، محمود اللہ 27، مصدق حسین 24 اور کپتان شکیب الحسن 24 سکور بناکر نمایاں رہے، چیمکا کرونارتنے، ہاسارنگا ڈی سلوا 2،2، دلشان مدوشانکا، مہیش تھیکشانا اور ایستھا فرنینڈو نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے 184 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 8 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، کوشال مینڈس نے سب سے زیادہ 60 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان داسن شناکا 45 اور نسانکا 20 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے جبکہ ایستھا فرنینڈو نے ناقابل شکست 10 سکور بنائے۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے عبادت حسین نے 3، تسکین احمد نے 2، مستفیض الرحمان اور مہدی حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ افغانستان، سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں جبکہ پاکستان اور ہانگ کانگ میں سے جو ٹیم جیتے گی اگلے مرحلے میں جگہ بنالے گی۔