انتظار ختم، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آج سے آغاز

Published On 19 September,2022 11:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، بابر اعظم قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ مہمان ٹیم معین علی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

تفصیلات کے مطابق 17 سال کا طویل انتظار ختم ہو گیا، انگلش کرکٹ سٹارز ایک مرتبہ پھر پاکستانی میدانوں میں ان ایکشن ہوں گے، پہلے ٹی 20 میچ کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میدان لگے گا، میچ شام 7:30 بجے شروع ہو گا۔

سات ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے دونوں ٹیموں نے بھر پور پریکٹس کی، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشن میں کھلاڑیوں نے خوب پسینہ بہایا۔

ابتدائی میچز کے لیے مہمان انگلش ٹیم کی قیادت معین علی کریں گے، جوز بٹلر انجری کے باعث کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کا حصہ نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اب تک 21 مرتبہ چھوٹے فارمیٹ میں آمنے سامنے آئیں جس میں انگلش ٹیم کو 13 فتوحات سے واضح برتری حاصل ہے جبکہ اب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں کے لیے شائقین بھی بے تاب ہیں۔
 

Advertisement