چھٹا ٹی20: پاکستان کا 170 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15ویں اوور میں 2 وکٹ پر حاصل کرلیا

Published On 30 September,2022 06:52 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) چھٹے ٹی 20 میچ میں پاکستان کا 170 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15ویں اوور میں 2 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے چھٹے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کے قائد بابر اعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ اننگز

170 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ محمد نواز نے پاکستان کی جانب سے پہلا اوور کرایا۔

الیکس ہیلز 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 27 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر شاہنواز دھانی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ڈیوڈ ملان تھے جنہوں نے 5 چوکے مار کر 18 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 

اس طرح مہمان ٹیم نے 170 رنز کا ہدف 14 اعشاریہ 3 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر ہنستے کھیلتے حاصل کرلیا، اوپنر فل سالٹ نے 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، بین ڈکٹ بھی 26 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے نائب کپتان شاداب خان نے ہی دونوں کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان اننگز

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد حارث نے  اننگز کا آغاز کیا جبکہ انگلش فاسٹ باؤلر ریسے ٹاپلے نے پہلا اوور کرایا۔

ڈیبیو کرنے والے محمد حارث خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 1 چھکے کی مدد سے 8 گیندوں پر صرف 7 رنز بناکر رچرڈ گلیسن کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، شان مسعود دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے جو کہ صفر پر ڈیوڈ ویلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 

حیدر علی نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 14 گیندوں پر 18 رنز کی مختصر اننگز کھیلی اور سیم کرن کی گیند پر بین ڈکٹ کو کیچ دے بیٹھے، چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر افتخار احمد تھے جو کہ 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 31 رنز بناکر سیم کرن کی گیند پر ہیری بروک کو کیچ کروا گئے۔

آصف علی نے 9 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 9 رنز بنائے اور چھکا مارنے کی کوشش میں ڈیوڈ ویلے کی گیند پر ریسے ٹاپلے کے ہاتھوں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے، محمد نواز نے 1 چھکے کی مدد سے 7 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور ریسے ٹاپلے کی گیند پر ہیری بروک کو کیچ دے بیٹھے۔

 بابر اعظم نے 41 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 87 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلے اور سیم کرن نے 2،2 جبکہ ریسے ٹاپلی، رچرڈ گلیسن نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

بابر اعطم کے 3 ہزار رنز مکمل

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چھکا لگا کر اپنے ٹی 20 کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کئے، انہوں نے 86 میچوں میں 81 اننگز کھیل کر سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کیا۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

انگلش کپتان معین علی نے کہا کہ آج کے میچ کے لئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔

پلیئنگ الیون میں کپتان معین علی، فل سالٹ، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، سیم کرن، ڈیوڈ ویلے، عادل رشید، ریسے ٹاپلے، رچرڈ گلیسن شامل تھے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد رضوان کی جگہ محمد حارث جبکہ حارث رؤف کی جگہ شاہنواز دھانی کو شامل کیا گیا  تھا۔

گرین شرٹس کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، وکٹ کیپر محمد حارث، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، محمد نواز، عامر جمال، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی شامل تھے۔

محمد حارث کا ڈیبیو

قومی ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث ڈیبیو کرنے والے 99ویں کھلاڑی بن گئے ، محمد رضوان نے ان کو ڈیبیو کیپ دی۔

خیال رہے کہ سیریز کے پہلے مرحلے کے چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے جس میں سے دو میں پاکستان اور دو میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ لاہور میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں گرین شرٹس نے 6 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

اس فتح کے ساتھ 7 میچوں کی سیریز 3،3 سے برابر ہوگئی ہے اور فیصلہ کن میچ اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

 

 

Advertisement