بابراعظم بطور کپتان دوسری سنچری بنانےوالے پہلےبیٹر، رضوان کے ہمراہ بھارتی ریکارڈ توڑ دیا

Published On 22 September,2022 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر بلے بازی کا دم خم دکھا دیا، نحوست کی بلا سے پیچھا چھڑا لیا،، سات میچز میں مسلسل ناکامی کے بعد انگلینڈ کے خلاف 110 اسکور کیا، ٹی 20 کیریئر میں بطور کپتان دوسری سنچری بنا کر نمبر ون بیٹر بن گئے۔

انگلینڈ کے تاریخی دورہ پاکستان کے دوران دوسرا ٹی 20 میچ بابر اعظم کے لیے یادگار بن گیا، 110 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی، 11 چوکے ، 5 چھکے لگائے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں قومی کپتان 200 رنز کے انگلش ہدف پورا کرنے میدان میں آئے، گھبرائے نہیں، فُل فارم میں آئے۔ ایشیا کپ سمیت لگاتار 7 میچز میں ناکامی کا غصہ اتار دیا، ٹی 20 کرکٹ میں 8ہزار رنز مکمل کیے۔ مجموعی طور 227ویں، انٹرنیشنل 82 ویں میچ اور ریکارڈ 218ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کر لیا۔ قومی کپتان اس اعزاز کے ساتھ لیجنڈری کرس گیل کے بعد دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ 62 گیندوں پر تگڑا سینکڑا جڑا، ٹی 20 کرکٹ میں بطور کپتان دوسری سنچری کے ساتھ نمبرون بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

بابراعظم نے 7 میچز پہلے یعنی 21 اگست 2022 کو نیدرلینڈز کے خلاف 91 رنز بنائے تھے

قومی کپتان نے اوپنر رضوان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ پر ناقابل شکست 203 رنز کی شراکت داری کی، دونوں نے بطور اوپنر ایک سال پہلے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا، پاکستان نے 14 اپریل 2021 کو جنوبی افریقہ کے خلاف 197 رنز بنائے تھے۔

دوسری طرف بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھارتی اوپنرز کا بھی ریکارڈ توڑ دیا، وکٹ کیپر اور قومی کپتان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز کی سب سے کامیاب جوڑی بن گئے۔

بھارتی شیکھر دھون اور روہت شرما نے 52 اننگز میں 1743 رنز بنائے تھے، قومی اوپننگ بیٹرز نے 36 شراکتوں میں بھارتی جوڑی سے زیادہ رنز بنالیے ہیں۔ دونوں اعظم نے 36 میچز میں 1800 رنز بنالئے۔

Advertisement