ٹی 20 ورلڈ کپ: شاہینوں نے 92 کی یاد دلا دی، شائقین کو تاریخ دہرائی جانے کا انتظار

Published On 07 November,2022 03:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 فارمیٹ کے عالمی کپ نے شائقین کرکٹ کو بانوے کے ورلڈ کپ کی یاد دلا دی، دونوں ایونٹس میں پاکستان کو ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، گروپ راؤنڈ میں گرین شرٹس کو بھارت سے شکست ہوئی۔

دونوں ٹورنامنٹس میں پاکستان نے مسلسل تین فتو حات حاصل کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، 1992 میں پاکستان نے آسٹریلیا ، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کو ہرا کر لگاتار تین میچز اپنے نام کیے۔

2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیدر لینڈ ، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش کو شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی، 1992 کے میگا ایونٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میں آمنا سامنا ہوا جس میں قومی ٹیم نے کامیابی حاصل کی، اس بار بھی گرین شرٹس اور کیوی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، دونوں ایونٹس کی میزبانی آسٹریلیا نے کی اور میزبان ٹیم سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکی۔

شائقین کرکٹ نے ایک مرتبہ پھر امید لگا لی ہے کہ 1992 کی طرح 2022 میں بھی ٹرافی پاکستان میں ہی آئے گی۔
 

Advertisement