لاہور: ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی انگلینڈ سیریز میں ڈراپ ہونے کے بعد واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ڈراپ ہونے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے بے چین ہیں، دائیں بازو کو محمد وسیم کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف اپنے آخری چار ٹیسٹ میں صرف پانچ وکٹیں لینے کے بعد باہر کر دیا تھا۔
ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ میں ڈومیسٹک سیزن میں سخت محنت کروں گا اور قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بناؤں گا۔
— Hassan Ali (@RealHa55an) November 21, 2022
خیال رہے کہ فاسٹ باؤلر نے 21 ٹیسٹ میں 77 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، ساتھ ہی ون ڈے اور ٹی 20 میں بالترتیب 91 اور 60 وکٹیں ان کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔
28 سالہ کرکٹر نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 27 نومبر کو پاکستان پہنچے گی جس کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب انگلینڈ راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ کھیلے گا، اس سے قبل 12 میچ کھیلے ہیں جن میں ہوم سائیڈ نے پانچ جیتے اور تین میں شکست کھائی۔
دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ 9 دسمبر سے ملتان میں شروع ہو گا اور دورے کا آخری ٹیسٹ 17 دسمبر بروز ہفتہ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔
انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز، قومی سکواڈ کا اعلان، سرفراز کی واپسی
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کی بھی واپسی ہوئی ہے۔
لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے انگلینڈ کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کیا۔
18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، اظہر علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، امام الحق، محمد علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغاز، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود شامل ہیں۔
یاسر شاہ، حسن علی اور فواد عالم کو ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ یاسر شاہ کی جگہ نوجوان سپنر ابرار احمد کو موقع دیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ سکواڈ کی سلیکشن میں ڈومیسٹک کی پرفارمنس کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
چیئرمین سلیکشن کمیٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کنڈیشنز اور پرفارمنس کو سامنے رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی، ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس کو بھی ہم نے سامنے رکھا ہے، خوشی کی بات ہے عابد علی پرفارم کر رہے ہیں، مستقبل میں زیر غور ہوں گے۔