انگلش کپتان بین سٹوکس کی طبیعت ناساز،ٹرافی رونمائی کی تقریب ملتوی

Published On 30 November,2022 12:06 pm

راولپنڈی : (دنیا نیوز ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز سے قبل مہمان ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے باعث ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی تقریب بھی ملتوی کردی گئی ۔

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا پہلے ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن راولپنڈی میں جاری ہے،دونوں ٹیموں کے کھلاڑی سیشن کے دوران باؤلنگ ،فیلڈنگ اور بیٹنگ کی بھرپور مشقیں کررہے ہیں ۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق بین اسٹوکس کی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے متعدد کھلاڑی اور آفیشلز پنڈی اسٹیڈیم نہیں آئے، صرف ہیری بروک، زیک کرالے، کیٹن جیننگز، اولی پاپ اور جوائے روٹ پریکٹس سیشن میں شریک ہیں۔

دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کل ہوگی جبکہ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور انگلش کپتان بین سٹوکس شرکت کریں گے ۔