انگلینڈ کیخلاف سیریز کا کوئی پریشر نہیں ، بہترین کھیل پیش کرینگے: بابراعظم

Published On 30 November,2022 01:23 pm

راولپنڈی : (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف کل سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے ہماری تیاری بہت اچھی ہے ،سیریز میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔

پنڈی ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے، پریشر والی کوئی بات نہیں ، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کمبی نیشن کے ساتھ جانے کی کوشش کرنی ہے اور اس حوالے سے ہماری مشاورت ابھی جاری ہے ۔

کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ کرکٹ فینزکو پیغام ہے کہ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں ۔