لاہور: ( ویب ڈیسک ) دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 281 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 107 رنز بنالئے ہیں۔
پاکستان پہلی اننگز
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے اپنی اننگز کا پر اعتماد انداز میں آغاز کیا جبکہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 174 رنز کا خسارہ ہے، کپتان بابر اعظم 61 اور سعود شکیل 32 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ 14 اور امام الحق صفر پر پویلین لوٹ گئے، جیمز اینڈرسن اور جیک لیچ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 281 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کیلئے ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے انگلش ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی، زیک کرولی 19، بین ڈکٹ63، اولی پوپ 60، جو روٹ 8، ہیری بروک 9 ،بین سٹوکس 30 اور ول جیکس 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ پہلی اننگز
اس سے قبل انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے مختلف پچ ہے کوشش ہوگی پاکستان کو انڈر پریشر رکھیں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تاہم جلد انگلش بیٹرز کی وکٹیں حاصل کرکے میچ میں کم بیک کریں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور حارث رؤف انجریز کے باعث ملتان ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، ابرار احمد کا آج ڈیبیو ہوا ہے جبکہ نسیم شاہ اور اظہر علی کی جگہ فہیم اشرف اور محمد نواز کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان کا سکواڈ
کپتان بابراعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، فہیم اشرف، زاہد محمود، ابرار احمد اور محمد علی شامل ہیں۔
انگلینڈ کا سکواڈ
کپتان بین سٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، اولی رابنسن، جیک لیچ، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔