لاہور: (ویب ڈیسک) نجم سیٹھی کے مثبت بیان نے پشاور زلمی کی ناراضی ختم کر دی، پی ایس ایل فرنچائز کے چیئرمین جاوید آفریدی نے پشاور میں انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کے انعقاد کی بات پر نجم سیٹھی کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے فینز اپنے شہر میں کرکٹ دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں، پشاور اور خیبر پختونخوا کے شہریوں نے ملک میں امن کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ پشاور زلمی نے ہمیشہ پی سی بی کے ساتھ مل ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ پی ایس ایل 9 میں ہماری ٹیم ارباب نیاز سٹیڈیم میں ایکشن میں ہو گی، پشاور زلمی کے کرکٹرز ماضی کی طرح آرمی پبلک سکول پشاور جا کر شہداء کو سلام بھی پیش کریں گے۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ ہماری ٹیم بشمول ڈیرن سیمی اور دیگر غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل 2 کا فائنل کھیل کر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق چیئرمین رمیز راجہ نے پشاور میں کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے منفی بیان دیا جس پر جاوید آفریدی نے پی ایس ایل ڈرافٹ کی تقریب اور گورننگ کونسل میٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔