کراچی ٹیسٹ: آغا سلمان نے کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی

Published On 27 December,2022 01:58 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی نیشنل بینک ارینا میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کے دوران دوسرے روز کا کھیل جاری ہے جس میں آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔

دوسرے روز پاکستان نے 4 وکٹیں گنوائیں، کپتان بابر اعظم دن کے آغاز پر 161 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ نعمان علی 7، محمد وسیم 2 اور میر حمزہ 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے علاوہ آغا سلمان نے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی ہے۔

پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 317 رنز پر 5 وکٹوں کے نقصان پر کیا، پہلے روز کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 161 رنز اسکور کیے، اور ساتھ ہی ایک دن میں 3 ریکارڈز اپنے نام کرڈالے۔

بابراعظم نے سب سے پہلے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والے پاکستانی کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا، اس کے بعد انہوں نے ایک سال میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ انٹرنیشنل ففٹی پلس کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

کپتان کا تیسرا اعزاز یہ تھا کہ وہ اس سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔

اس کے بعد ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سرفراز احمد 86 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق نے 7، امام نے 24، شان مسعود 3 اور سعود شکیل نے 22 رنز بناکر اپنی وکٹیں گنوائیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریس ویل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔