کراچی: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لئے سلیکٹرز سے بات ہوگئی ہے، کراچی ٹیسٹ کے لیے فائنل الیون دیکھ کر منتخب کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی میچ تبدیل کر دیتی ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، انگلینڈ کے خلاف جو بہترین الیون لگ رہی تھی وہ ہم نے کھلائی، شکست کی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے لیکن پورا یقین ہے کم بیک ضرور کریں گے، پریشر نہیں لیتا کیونکہ دباؤ میں گیم اور خراب ہوتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہے، بیٹنگ ہی ہماری اسٹرینتھ ہے، وکٹ ضرور ٹیم کو سپورٹ کرتی ہے مگر آپ کو کارکردگی دکھانا ہوتی ہے، نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق مجھ سے بھی بات ہوئی تھی، سلیکٹر کے ساتھ بات ہوگئی ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل الیون ان کے مشورے سے منتخب کریں گے، میدان کی حکمت عملی حریف کی پوزیشن دیکھ کر اپناتے ہیں۔
کپتان قومی ٹیم کا مزید کہنا کہ نیشنل سٹیڈیم کی پچ کافی اچھی لگ رہی ہے، وکٹ آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اچھی نہیں رہی، ہمارا فوکس ٹیسٹ سیریز جیتنے پر ہے، تین چار دن میں چیزیں تبدیل ہوئی ہیں لیکن ہمارا کام گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، ہمارا فوکس گراونڈ پر ہے، وہاں پرفارم کرنا ہے، سیریز کا اچھا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔