لاہور: (ویب ڈیسک) مکی آرتھر نے کوچنگ ذمہ داریوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے وقت مانگ لیا۔
قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا معاہدہ 9 فروری کو ختم ہو جائے گا اور ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مکی آرتھر کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا خواہشمند ہے۔
ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کا انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کے ساتھ 3 سال کا معاہدہ ہے اور مکی آرتھر کاؤنٹی کے ساتھ معاملات طے کرنے کے بعد پی سی بی کو جواب دیں گے، مکی آرتھر کی چند ہفتوں میں پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کے لیے عمر گل مضبوط امیدوار ہیں اور اس حوالے سے شاہد آفریدی کی بھی یہی تجویز ہے۔
خیال رہے کہ عمر گل کا افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے معاہدہ حال ہی میں ختم ہوا ہے اور عمر گل کی کوچنگ میں افغانستان کے فاسٹ بولنگ اٹیک میں بہت بہتری دیکھنے میں آئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی ورلڈکپ 2023 تک شاہد آفریدی کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں دینا چاہتا ہے، پی سی بی پی ایس ایل کے بعد اور سیریز سے قبل طویل المدتی تقرریاں کر لے گا۔