آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ، بابر اعظم کی حکمرانی برقرار

Published On 11 January,2023 11:40 pm

دبئی (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی حکمرانی برقرار ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بدستور پہلے نمبر پر براجمان ، امام الحق بدستور تیسرے جب کہ فخر زمان 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں ہندوستانی کھلاڑی ویرات کوہلی اور روہت شرما نے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا، گوہاٹی میں پہلے ون ڈے میں سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی جیت میں کوہلی نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ دو درجے اوپر چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کھلاڑیوں کی سلیکشن، بابر اعظم جو فیصلہ کرینگے من و عن قبول ہوگا: نجم سیٹھی

روہت شرما نے بھی جارحانہ 83 رنز بنائے اور ایک درجہ ترقی کرکے آٹھویں نمبر پر آگئے، سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے اپنی ٹیم کے ہارنے کے باوجود فائٹنگ سنچری سکور کی اور 20 پوائنٹس حاصل کرکے 61 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

بولنگ چارٹس میں محمد سراج پہلے ون ڈے میں دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے ہیں، جو چار درجے آگے بڑھ کر 18ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔

گیند بازوں میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ساتویں، شاداب خان 33 ویں اور محمد نواز بدستور 40 ویں نمبر پر ہیں۔
 

Advertisement