کپتان بابراعظم نے سال 2022ء کے یادگار لمحات شیئر کر دیے

Published On 01 January,2023 01:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینا یادگار لمحہ تھا۔

کپتان بابر اعظم نے سال 2022ء کے یادگار لمحات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 2022ء میں کے دو یادگار لمحات ایشیاء کپ میں بھارت کو شکست دینا اور سری لنکا میں ریکارڈ ٹیسٹ ہدف حاصل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سال 2022ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے وائٹ بال کرکٹ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ ریڈ بال کرکٹ میں ہم زیادہ کامیابیاں نہیں سمیٹ سکے، اس سال پاکستان نے دنیائے کرکٹ کی 3 بہترین ٹیسٹ ٹیموں کی میزبانی کی۔

بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا میں ریکارڈ ٹیسٹ ہدف حاصل کرنا بھی یادگار لمحہ ہے، مشکل پچ پر دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق نے 160رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی لیکن مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں توقعات کے مطابق نہیں کھیل سکے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے مینز اور ویمنز کرکٹرز کے لئے سال 2022ء ایک ناقابل یقین حد تک مصروف سال تھا، پاکستان مینز کرکٹ ٹیم نے سال 2022ء میں مجموعی طور پر 44 انٹرنیشنل میچز کھیلے جبکہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے 32 بین الاقوامی میچز میں حصہ لیا۔

سال 2022ء کے دوران قومی ٹیم نے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کی میزبانی کی، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اے سی سی ایشیاء کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔

کپتان بابراعظم نے سال 2022ء کے تمام 44 انٹرنیشنل میچز میں 2,598 رنز بنائے جو 2022ء میں دنیا بھر کے بیٹرز میں سب سے زیادہ ہیں۔

Advertisement