عرفان خان پی ایس ایل میں اپنے آئیڈیل شعیب ملک سے سیکھنے کے منتظر

Published On 04 February,2023 02:39 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) نوجوان مڈل آرڈر بلے باز محمد عرفان خان نے اپنے پہلے اور پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے آٹھویں ایڈیشن میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے ایج گروپ پروگرام سے سامنے آنے والے نوجوان کرکٹر عرفان خان نے کہا کہ پی ایس ایل میں پہلی بار منتخب ہونا یقیناً ایک اطمینان بخش احساس ہے، میں اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں کیونکہ پی ایس ایل کا مرحلہ آپ کو آگے جانے میں مدد دیتا ہے اور آپ قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے مزید مضبوط ہو جاتے ہیں۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ کراچی کنگز میں مجھے اپنے کرکٹ کے آئیڈیل شعیب ملک کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملے گا جنہیں پاکستان اور دنیا بھر کی لیگز میں کھیلنے کا کافی تجربہ ہے، وہ بھی میری طرح ایک مڈل آرڈر بلے باز ہیں لہذا میں یقینی طور پر اس موقع سے فائدہ اٹھاؤں گا۔

20 سالہ نوجوان نے پی ایس ایل 2018 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کی اننگ کو اپنا پسندیدہ لمحہ قرار دیا کیونکہ انہوں نے انجری کے باوجود بہترین بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔

واضح رہے کہ عرفان 2020 اور 2022 میں دو آئی سی سی ( انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ) انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 2022-23 کے قومی ٹی ٹوئنٹی میں نو اننگز میں 153.26 کے سٹرائیک ریٹ سے 141 رنز بنائے جبکہ انہوں نے بلوچستان کے خلاف میچ میں 31 گیندوں پر 57 رنز کی اہم اننگ بھی کھیلی۔ 

Advertisement