افتخار احمد کی پی ایس ایل 8 کے لئے بنگلہ دیش سے وطن واپسی

Published On 04 February,2023 03:03 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کے ان فارم بلے باز افتخار احمد بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں فارچیون باریشال کے لیے اپنی شاندار مہم کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے، افتخار 10 اننگز میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کے ساتھ 347 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر اتوار کو پشاور زلمی کے خلاف نمائشی میچ میں شرکت کے لیے پاکستان واپس پہنچے ہیں، بی پی ایل فرنچائز باریشال نے ان کی وطن روانگی کی تصویرفیس بک پر پوسٹ کی۔

باریشال نے تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ افتخار احمد پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی نمائندگی کے لیے ڈھاکہ سے روانہ ہو گئے ہیں، ہر چیز کے لئے شکریہ چیمپئن، ان تمام عظیم یادوں کا شکریہ جو ہم نے آپ کے ذریعے حاصل کی ہیں ‘‘۔

پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’’ آپ کا نام باریش کے شہریوں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہے گا، مستقبل میں آپ کے بہترین کیریئر کیلے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں ‘‘ ۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا باقاعدہ طور پر آغاز 13 فروری سے ہو گا۔ 

Advertisement